رواں سال حج بارے فیصلے کا حتمی اعلان رمضان المبارک کے فوراً بعد متوقع ہے، ذرائع وزارت مذہبی امور

پیر 18 مئی 2020 14:37

رواں سال حج بارے فیصلے کا حتمی اعلان رمضان المبارک کے فوراً بعد متوقع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلے کا حتمی اعلان رمضان المبارک کے فوراً بعد کئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو ہدایت کی گئی تھی کہ فی الوقت تمام حج معاہدے وقتی طور پر ملتوی کئے جائیں۔

(جاری ہے)

حج کے حوالے سے اہم اسلامی ممالک کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزارت حج نی15 رمضان المبارک کو حج کے حوالے سے فیصلہ کرنا تھا تاہم ابھی تک اس فیصلے کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔ سعودی حکومت نے 21 رمضان سے عیدالفطر کے بعد 8 شوال تک سرکاری چھٹیاں دے دی ہیں۔ اس لئے توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظرر کھتے ہوئے فیصلے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا۔