لاہور،کرپشن کیس میں ملوث سابق مینجر زرعی ترقیاتی بینک ذوالقرنین کے خلاف کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی

پیر 18 مئی 2020 18:49

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) احتساب عدالت لاہور نے کرپشن کیس میں ملوث سابق مینیجر زرعی ترقیاتی بینک ذوالقرنین کے خلاف کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کے لئیے فریقین کے وکلا ء سے دلائل طلب کرلیے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق مینیجر زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈذوالقرنین چوہدری کے اوپر کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام عائد ہیں،نیب کی جانب سے ملزم کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کی جا چکی ہیں، ملزم نے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے ذریعے ذہنی معذور افراد کا نام استعمال کرکے بوگس لون پالیسیز کیش کروائیں۔

نیب لاہور نے ملزم کے خلاف زونل برانچ لاہور کی جانب سے شکایت پر کارروائی کی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ٹھوس شواہد کے حصول پر اکتوبر 2017ء میں ملزم کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا گیا ، ملزم فوت شدگان درخواست گزاروں کے نام پر رقوم بھی بٹورتا رہا جو درخواست جمع ہونے کے بعد فوت ہوچکے تھے،ملزم کی لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ نیب پراسیکوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف باقاعدہ فرد جرم عائد کرنے کی اجازت دی جائے۔