روجھان جمالی میں کورونا کے دو کیس سامنے آگئے ،کرونا کے شبہ میں تین خواتین سمیت 14افراد ڈویژنل قرنطینہ سینٹر میں آئسولیٹ ،روجھان جمالی مکمل طور پر سیل

پیر 18 مئی 2020 20:06

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) روجھان جمالی میں کورونا وائرس کے دو کیس سامنے آگئے کورونا وائرس کے شبہ میں تین خواتین سمیت 14افراد کو ڈویژنل قرنطینہ سینٹر میں آئسولیٹ کردیا گیا روجھان جمالی مکمل طور پر سیل کردیا گیا پی پی ایچ آئی جعفرآباد کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر شاہجہان مینگل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے آبائی گاؤں روجھان جمالی میں کورونا وائرس کے مقامی ٹرانسمیشن کے دوکیس مثبت آئے ہیں روجھان جمالی میں کورونا وائرس کے دو کیس سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کے اہل خانہ سمیت عزیز و اقارب کے 14افراد کو کورونا وائرس کے شبہ میں ڈویڑنل قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اللہ یار میں آئسولیٹ کردیا گیا ڈویڑ نل قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اللہ یار میں آئسولیٹ 14افراد میں تین خواتین بھی شامل ہیں جن کے کورونا وائرس کے سیمپل لیکر حتمی رپورٹ کے لیے کوئٹہ شیخ زید اسپتال بھجوائے گئے ہیں پی پی ایچ آئی جعفرآباد کے ڈی ایس ایم شاہجہان مینگل نے مزید بتایا کہ سابق وزیر اعظم ظفر اللہ خان جمالی کے آبائی گاؤں روجھان جمالی میں کورونا وائرس کے دو کیس سامنے آنے کے بعد روجھان جمالی کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے مزید افراد کے بھی کورونا وائرس کے سیمپل بھی لیے جائیں گے۔