قصور، احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری

پیر 18 مئی 2020 21:01

قصور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، چاروں تحصیلوں میں ابتک مجموعی طور 1لاکھ 40ہزار 471افراد میں فی کس 12ہزار روپے امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔

یہ بات انہوں نے احسا س کفالت پروگرام کے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتائی۔ ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے بتایا کہ مستحق افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے ضلع بھر میں 11سینٹرز قائم کئے گئے ہیںجن میں قصورمیں5سینٹرز‘چونیاں میں3سینٹرز‘پتوکی میں2سینٹرزاورکوٹرادھاکشن میں1سینٹرقائم کیاگیا ۔انہوں نے بتایا کہ ابتک مجموعی طور پر1۔

(جاری ہے)

ارب 70کروڑ 21لاکھ 72ہزار روپے لاک ڈائون سے متاثر ہونیوالے 1لاکھ 40ہزار 471افراد میں فی کس 12ہزار روپے امداد تقسیم کی جاچکی ہے جبکہ دیگر مستحق افراد کو رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق تمام احساس کفالت سینٹرز پر مستحقین میں رقوم کی تقسیم کا سلسلہ نہایت شفافیت اور ایمانداری سے جاری ہے ہر حقدار کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد امدادی رقوم دی جارہی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے مستحق افراد جن کو بائیو میٹرک میں مسائل کا سامنا تھا نادرا دفاتر کھلنے سے ایسے مستحق افراد کی ویری فیکیشن کے بعد انہیں بھی رقوم دی جارہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام امدادی مراکز میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں سینٹرز کے اندر لوگوں کے بیٹھنے کیلئے فاصلے سے کرسیاں رکھی گئی ہیں اور مردوں اور خواتین کیلئے علیحدہ ہال مقرر کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امدادی مراکز پر سکیورٹی، شفافیت، کرونا سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ سمیت تمام ضروری اقدامات پر انتظامیہ، پولیس، بی آئی ایس پی کے افسران و ملازمین کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔