کرونا وائرس لاک ڈاون کے باعث مالی مشکلات کے شکار بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی

ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ 32 سالہ اداکار من میت گریوال نے خود کو پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کی، اہلیہ کی جانب سے جان بچانے کی کوشش کے دوران پڑوسیوں میں سے کسی نے مدد نہیں کی

muhammad ali محمد علی پیر 18 مئی 2020 20:52

کرونا وائرس لاک ڈاون کے باعث مالی مشکلات کے شکار بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2020ء) کرونا وائرس لاک ڈاون کے باعث مالی مشکلات کے شکار بھارتی اداکار نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی، ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ 32 سالہ اداکار من میت گریوال نے خود کو پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کی، اہلیہ کی جانب سے جان بچانے کی کوشش کے دوران پڑوسیوں میں سے کسی نے مدد نہیں کی۔ بھارتی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کرونا لاک ڈاون نے بھارت کی شوبز انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت میں کرونا لاک ڈاون نافذ کیے جانے کے بعد ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ اداکار من میت گریوال شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔ ممبئی میں رہائش پذیر من میت گریوال کے پاس گھر کا کرایہ ادا کرنے کے پیسے بھی نہ تھے۔

(جاری ہے)

ایسے میں انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔ ان کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ من میت گریوال کی اہلیہ کا بتانا ہے کہ جب انہوں نے اپنے شوہر کو پھنکے سے لٹکے دیکھا تو انہوں نے اپنے شوہر کی جان بچانے کی پوری کوشش کی۔

انہوں نے پڑوسیوں کو مدد کیلئے پکارا، تاہم کوئی ان کی مدد کو نہیں آیا۔ پڑوسی نے اس خوف سے کہ کہیں من میت کرونا وائرس کا مریض نہ ہو، ان کی جان بچانے کی کوشش نہیں کی۔ بہت کوشش کے بعد عمارت کے گارڈ نے گھر میں آ کر پنکھے سے لٹکتے من میت کو نیچے اتارا، تاہم تب تک وہ جان کی بازی ہار چکے تھے۔ پولیس کے مطابق من میت 2 سال سے اپنی اہلیہ کیساتھ ممبئی میں رہائش پذیر تھے۔ حال ہی میں جب کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث ملک میں لاک ڈاون نافذ کیا گیا، تو اس وجہ سے من میت بھی مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے، اور ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہ تھے کہ اپنے فلیٹ کا کرایہ جو کہ صرف 8500 روپے تھا، وہ بھی ادا کر سکیں۔