اسلام آباد،آئی ڈی ڈبلیو پی نے 122 دیہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

پیر 18 مئی 2020 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2020ء) اسلام آباد ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (آئی ڈی ڈبلیو پی) نے 122 دیہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کی زیر صدارت اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی خرم نواز، پلاننگ ڈویڑن، فنانس ڈویڑن اور وزارت داخلہ کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اجلاس میں 122 منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ تحصیل آفس کا منصوبہ، لفٹ اور ایک منظور شدہ اسکیم پر نظرثانی اگلے اجلاس تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

منظور شدہ منصوبوں میں دیہی سڑکیں، صفائی ستھرائی اور پانی کے منصوبے شامل ہیں۔ تمام منصوبوں پر 27593.815 ملین روپے لاگت آئے گی۔ آئندہ تین سالوں میں ان منصوبوں کو مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے کام کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ پر زور دیااور کہا کہ وقت پر منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ 122 منظور شدہ منصوبوں میں 12156.079 ملین کی لاگت سے دیہی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، 12025.281 ملین روپے صفائی ستھرائی، 2548.648 ملین روپے واٹر سپلائی کی سکیمیں اور این اے 52، این اے 53 اور این اے 54 تینوں حلقوں کیلئے 863.819 ملین روپے کی لاگت سے پل تعمیر کئے جائیں گے۔۔