پشاور، باچاخان ٹرسٹ اور ملگری ڈاکٹران کے زیراہتمام خواجہ سرا کمیونٹی میں راشن پیکجز تقسیم

منگل 19 مئی 2020 23:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2020ء) باچاخان ٹرسٹ اور ملگری ڈاکٹران کے زیراہتمام منگل کے روز چالیس سے زائد خواجہ سرائوں میں راشن پیکجز تقسیم کئے گئے ۔ باچاخان مرکز پشاور میں منعقدہ تقریب میں ملگری ڈاکٹران کے صوبائی ایڈوائزر اور صوبائی نائب صدر اے این پی ثاقب اللہ چمکنی، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک،صوبائی صدرملگری ڈاکٹران ڈاکٹر حیدرعلی،ڈاکٹر شوکت امیرزادہ، ڈاکٹر میاں افتخارحسین سمیت دیگر کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ایڈوائزر ملگری ڈاکٹران ثاقب اللہ چمکنی کا کہنا تھا کہ ملگری ڈاکٹران سمیت تمام ذیلی ادارے انسانی جذبے کے ساتھ اس وبائی صورتحال میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ موجودہ وبائی صورتحال میں کمزور طبقوں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہاں کی طبقے ایسے ہیں جنہیں انسان تک نہیں سمجھا جاتا اور خواجہ سراء کمیونٹی بھی انہی میں سے ایک ہیں جنہیں پاکستان میں کاغذ کی حد تک بھی حقوق حاصل نہیں لیکن باچاخان ٹرسٹ، اے این پی اور ملگری ڈاکٹران سمیت تمام ذیلی تنظیمیں انہیں یقین دلاتی ہیں کہ سرخ جھنڈے تلے ہر کمزور طبقے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

باچاخان کے پیروکار صرف پشتون ہی نیہں بلکہ ہر مظلوم کے حق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔ ثاقب اللہ چمکنی کا کہنا تھا کہ باچاخان مرکز ہر پشتون کا گھر ہے، ہم ہر پشتون اور ہر مظلوم طبقے کو یہاں خوش آمدید کہیں گے۔ ملگری ڈاکٹران موجودہ وبائی صورتحال میں روزاول سے انسانی خدمت میں مصروف ہیں۔