مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر درختوں کی کٹائی،چیف کمشنر اسلام آبا کے احکامات پر نجی ریسٹورنٹ سیل

گیارہ سو نئے پودے لگا دیئے گئے، 8مقامی افراد گرفتار

بدھ 20 مئی 2020 00:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2020ء) مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر درختوں کی کٹائی کے خلاف چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کے احکامات پر نجی ریسٹورنٹ کو سیل کرتے ہوئے گیارہ سو نئے پودے لگا دیئے جبکہ درختوں کی کٹائی میں ملوث 8مقامی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چیف میٹرو پولیٹن آفیسر (سی ایم او) سیدہ شفق کی نگرانی میں نئے پودے لگائے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی نگرانی میں نجی ریسٹورنٹ کو سیل کر کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 22 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر درختوں کی کٹائی کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کو متحرک کر دیا جس پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے سی ایم او سیدہ شفق کی نگرانی میں مونال پر گیارہ سو نئے درخت لگائے ہیں جبکہ موقع سے 8 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جو درختوں کی کٹائی میں ملوث تھے علاوہ ازیں مارگلہ ہلز پر قائم نجی ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا تھا جس پرریسٹورنٹ کو دوبارہ کھول کر از خود ڈائننگ شروع کر دی گئی جس کی اطلاع انتظامیہ کو موصول ہوئی تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اے سی سٹی اور ایس پی سٹی سمیت پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں کے ہمراہ ریسٹورنٹ کو دوبارہ سیل کرتے ہوئے 44 افراد کو گرفتار کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی کے حوالے سے سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے رکھا ہے جہاں پر سماعت کے دوران سی ایم اوو ڈی جی ایڈمن سیدہ شفق، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد عدالت میں پیش ہوئے جہاں پر میئر اسلام آباد نے کہا کہ انہیں عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے جس پر عدالت نے میئر کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا حکم دیتے ہوئے ایم سی آئی کے ذمہ دار شخص کو بریف کرنے کا کہا جس پر سی ایم او نے عدالت کو بریف کیا جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے عدالت کو بتایا کہ مارگلہ ہلز پر کوئی کرشنگ نہیں ہورہی، خلاف ورزی پر مونال کو سیل کر دیا ہے، مارگلہ ہلز پر 200 سے زائد درخت کاٹ دئیے گئے۔ عدالت نے نئے پودے لگانے کی ہدایات دی تھیں۔