Live Updates

پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئیں

گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کی چار روز قبل طبیعت ناساز ہوئی تھی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 مئی 2020 11:17

پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئیں
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔تفصیلات کے مطابق اگرچہ پاکستان میں بھی کئی سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہوئے تاہم اچھی خبر یہ تھی کہ ان میں سے زیادہ تر مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔کورونا وائرس کاش شکار ہونے والے پاکستانی سیاستدانوں میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا بھی شامل تھیں۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے شاہین رضا کی کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شاہین رضا کی چار روز قبل طبیعت ناساز ہوئی تھی اور حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا تھا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ دم توڑ گئیں۔محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کاروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔

شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا سے کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرگئے۔

میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں زیرِ علاج تھے۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے اپنے بھائی میاں سریر حسین کی موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ میاں سریر حسین کورونا کاشکار تھے اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں دو دن سے زیرِ علاج تھے۔ میاں افتخار حسین کے مطابق اپنے بھائی اور عوام کے ساتھ میل جول کی وجہ سے ان کا اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی 9 مئی کو مثبت آچکا ہے اور انہوں نے خود کو گھر پر آئسولیٹ کیا ہوا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات