عمراکمل نے تین سالہ پابندی کے خلا ف اپیل دائر کردی

درخواست کی سماعت کیلئے پی سی بی 15 روز میں آزاد منصف کا تقرر کریگا:ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مئی 2020 12:12

عمراکمل نے تین سالہ پابندی کے خلا ف اپیل دائر کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے پی سی بی کی جانب سے عائد کردہ تین سالہ سزا کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی ہے جن کی درخواست کی سماعت کیلئے پی سی بی 15 روز میں آزاد منصف کا تقرر کرے گا۔پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ لیگل ڈیپارٹمنٹ کو عمر اکمل کی اپیل موصول ہو گئی ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ 15 روز کے اندر آزاد منصف کی تقرری کرے گا جسے اپیل کی سماعت کرنی ہے ۔

عمراکمل نے پابندی کیخلاف اپیل کیلئے وزیراعظم کے پارلیمانی معاملات کے مشیر بابر اعوان کی خدمات حاصل کی ہیں۔واضح رہے کہ عمر اکمل بدعنوانی کی دو پیشکشوں کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کرنے میں ناکام رہے تھے جس کی بنیاد پر انہیں پہلے 20 فروری کو معطل کردیا گیا جس کی وجہ سے انہیں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کا موقع نہیں مل سکا جبکہ بعد میں جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان کی سربراہی میں قائم پی سی بی کے انضباطی پینل نے عمر اکمل پر تین سالہ پابندی عائد کردی جن کا کہنا تھا کہ عمر اکمل نے سماعت کے دوران کسی قسم کی شرمساری کا اظہار کیا اور نہ ہی وہ معافی کے طلبگار دکھائی دیئے بلکہ انہوں نے بارہا یہ بات کہی کہ انہوں نے ماضی میں کئی مرتبہ بورڈ کو مختلف افراد کی جانب سے آفرز کے بارے میں بتایا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عمر اکمل کی اپیل پر سماعت عید الفطر کے بعد ہو گی۔