چیئرمین واپڈا کادیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ سائٹ کا دورہ

بدھ 20 مئی 2020 12:22

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا۔ جسکا مقصد سائٹ پر کیے گئے انتظامات کاجائزہ لینا تھا تاکہ پراجیکٹ سائٹ پر کنٹریکٹر کی بروقت موبلائزیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ دیا مر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کا بروقت آغاز واپڈا کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت8.1ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500 میگاواٹ ہے اور یہ ملکی اقتصادیات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر سے انجینئرز اور دیگر سٹاف کے لئے 16 ہزار 500ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے مقامی لوگوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی آباد کاری اور مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات پر 78 ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے اِس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اعتما د سازی کے اقدامات کے تحت آب نوشی، آبپاشی، تعلیم اور صحت کے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے 44 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ مقامی طالب ِ علموں کو اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے چلاس کیڈٹ کالج کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ علاقے میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے 3میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا تھک ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بھی تکمیل کے قریب ہے۔ اس موقع پر جنرل منیجر دیا مر بھاشا ڈیم پر اجیکٹ عامر بشیر چوہدری نے انہیں پراجیکٹ ایریا میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔