سفری پابندیاں،حسن علی کا کمر کے علاج کیلئے بیرون ملک جانا مشکل ہوگیا

پیسر کی تکلیف سنجیدہ نوعیت کی ہے ، خدشہ ہے کہ فاسٹ بولر طویل عرصے کے لیے کرکٹ سے دور رہیںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مئی 2020 12:31

سفری پابندیاں،حسن علی کا کمر کے علاج کیلئے بیرون ملک جانا مشکل ہوگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے ‏فاسٹ بولر حسن علی ایک بار پھر کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو چکے ہیں تاہم کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں عائد سفری پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باعث ان کا علاج کیلئے بیرون ملک جانا مشکل ہوگیا ہے۔ اس سے قبل حسن علی گزشتہ برس ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہو کر قومی ٹیم سے باہر ہوئے تھے لیکن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) سے قبل حسن علی کو فٹ قرار دیا گیا اور انہوں نے پشاور زلمی کی نمائندگی بھی کی۔

30 اپریل کوحسن علی ایک بار پھر کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے اور اس کا انکشاف چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان کے دوران کیا۔ حسن علی کی تکلیف سنجیدہ نوعیت کی ہے اور اسی وجہ سے اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ فاسٹ بولر طویل عرصے کیلئےکرکٹ سے دور رہیںگے۔

(جاری ہے)

اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حسن علی کا علاج کرانیکا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی چیز نظر انداز نہیں کی جائیگی۔

پی سی بی کے شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے بتایا کہ علاج کیلئے حسن علی کو دنیا کے کسی بھی کونے میں بھجوانا پڑا تو بھجوائیں گے لیکن اس وقت کوویڈ 19 کی وجہ سے سفری پابندیاں ہیں اور جیسے ہی سفری پابندیوں میں نرمی ہو گی حسن علی کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائیگی۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ دنیا کے بہترین کمر کی تکلیف کے معالجوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان سے صلاح مشورہ جاری ہے، آسٹریلیا کے ماہرین سے آج ہی جواب موصول ہوا ہے جب کہ جنوبی افریقا کے فزیو کے ساتھ بھی رابطہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے ماہرین کے ساتھ ٹائم زون کو سامنے رکھتے ہو ئے ویڈیو کانفرنس کر رہے ہیں، پی سی بی حسن علی کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا،اس وقت بھی حسن علی کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور علاج کا بھی سلسلہ جاری ہے، لیکن اس وقت مسئلہ صرف یہی ہے کہ حسن علی کو فوری طور پر بیرون ملک بھجوانا مشکل ہے۔