نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم ، تعمیرات کے شعبہ کیلئے مراعات کے پیکیج ، دیامیر بھاشا ڈیم کے باعث تعمیرات کی صنعت کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے،

روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ، قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے،عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ

بدھ 20 مئی 2020 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم (این پی ایچ ای) تعمیرات کے شعبہ کیلئے مراعات کے پیکیج اور دیامیر بھاشا ڈیم کے باعث تعمیرات کی صنعت کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق دیامیر بھاشا ڈیم کے صرف ایک منصوبہ کے باعث آئندہ 10 سال کے دوران سیمنٹ کی طلب میں سالانہ 50 ملین ٹن اضافہ ہو گا۔

تعمیرات کی صنعت کے ماہرین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت این پی ایچ اے کے تحت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے جس پر پیشرفت ہو رہی ہے اور مختلف پراجیکٹس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کنسٹرکشن کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے اور مراعات کے ایک بڑے پیکیج کے ساتھ ساتھ 1406.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کے آغاز سے نہ صرف تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ تعمیرات کی صنعت سے جڑی دیگر صنعتوں کی کارکردگی بھی بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف کاروباری و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کی سرگرمیاں بڑھنے کے نتیجہ میں قومی معیشت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔