شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات ،

مضمرات سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے گفتگو

بدھ 20 مئی 2020 16:37

شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، کثیرجہتی شعبہ جات میں، دو طرفہ تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے، یورپی یونین، انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کے ناطے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

بدھ کو پاکستان کیلئے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارہ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے باعث یورپی یونین میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائے کی ضرورت ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود متاثرین ِوبا کی معاشی بحالی کیلئے 8 ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، کثیرجہتی شعبہ جات میں، دو طرفہ تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو بروقت فراہم کی جانے والی معاونت قابلِ تحسین ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یورپی یونین، انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کے ناطے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے ، بلا جواز پابندیوں کے خاتمے، اور بھارتی جیلوں میں مقید کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔

پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر نے موجودہ وبائی چیلنج کے پیش نظر پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے، یورپی یونین کی طرف فراہم کی جانے والی امداد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔