کورونا وائرس کی وباء کے باعث اس سال عیدالفطر پر ولی باغ چارسدہ میں مبارکباد دینے کیلئے کسی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا، اسفند یار ولی کا کارکنان کے نام پیغام

بدھ 20 مئی 2020 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باعث اس سال عیدالفطر سادگی سے منائی جائے گی اور ولی باغ چارسدہ میں مبارکباد دینے کیلئے کسی قسم کی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔ عیدالفطر سے قبل کارکنان کے نام پیغام میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ کورونا وباء ایک حقیقت ہے اور انسانیت کو بچانے کیلئے اسے سنجیدگی سے لینا ہو گا بصورت دیگر امریکہ، برطانیہ، سپین اور اٹلی کی طرح یہاں بھی تباہی آ سکتی ہے، وباء کے دنوں میں سماجی فاصلہ اور میل جول سے اجتناب ہی واحد حل ہے۔

تمام عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے حجروں اور گھروں پر بھیڑ جمع ہونے نہ دیں اور جہاں بھی عید کی مبارکباد کیلئے عام حالات میں لوگ جمع ہوتے ہیں وہ اس بار اجتماعات نہیں ہوں گے اور تمام افراد سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

(جاری ہے)

اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کو ختم کرنے سے مسائل میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ مقامی طور پر اس وائرس کی منتقلی کی شرح پاکستان میں ابھی تک بہت زیادہ رہی ہے، اگر بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھلے رہیں گے تو مقامی طور پر منتقلی کی یہ شرح مزید بڑھ سکتی ہے۔

غرباء و مستحقین کی مدد ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ابھی تک کورونا وباء پاکستان میں بے قابو نہیں ہے، اگر یہ بے قابو ہو گئی تو پاکستان کے صحت کا نظام اتنا مضبوط نہیں کہ کسی بھی ایمرجنسی حالات کا مقابلہ کر سکے، ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان کو احتیاط کرنا پڑے گی اور اپنے عوام کو ریلیف پہنچانے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دینا ہو گی تاکہ عوامی سطح پر اس وباء کے خطرے کو سنجیدہ لیا جائے کیونکہ ابھی تک عوامی سطح پر وہ سنجیدگی نظر نہیں آرہی جو وبائی حالات میں نظر آنی چاہئے۔