تاجر برادری مارگلہ کے جنگلات کے تحفظ کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے،محمد نعیم قریشی

بدھ 20 مئی 2020 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) تاجر برادری مارگلہ کے جنگلات کے تحفظ کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے، تعمیرات میں غیر قانونی توسیع کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، نیشنل پارک کے تحفظ کے ذمہ دار اداروں کو مستحکم اور با اختیار بنایا جائے۔ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان ( ایف پی سی سی آئی) کی ماحولیاتی کمیٹی کے سربراہ اور نیشنل فورم فار انوائرمنٹ کے صدر محمد نعیم قریشی نے اسلام آباد میں مونال ریسٹورنٹ کی غیر قانونی توسیع کو روکنے اور وہاں پر 30 کنال رقبہ پر پھیلے ہوئے 200 پرانے درختوں کی کٹائی پر سپریم کورٹ کے فیصلے اور اس ریسٹورنٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے نیشنل پارک کے تحفظ میں مدد ملے گی اور ایسے جرائم کی روک تھام ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں اس غیر قانونی کام کو انجام دینے والے عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے اور ان کو سخت سزا دی جائے۔ نعیم قریشی نے کہا کہ اس سلسلہ میں چشم پوشی اور غفلت کے مظاہرہ سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور ذمہ دار اداروں کی کمزوری اور نااھلی سے ایسے واقعات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور ان کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مستبقل میں ایسے واقعات کو روکیں اور جنگلی حیات اور درختوں کو تحفظ فراہم کریں اور اسلام آباد کے تمام پارکس، مارگلہ کے جنگلات اور درختوں کی حفاظت کیلئے سول سوسائٹی، انتظامیہ اور عوامی نمائندوں پر مشتمل نگراں کمیٹی بنائی جائے۔