سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا

بدھ 20 مئی 2020 16:57

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی 19 مئی 2020ء کو ہونے والی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ بدھ کو عدالت عظمیٰ سے جاری تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان کے مطابق کورونا وائرس پاکستان میں وجود رکھتا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں اموات ہوئیں، حکومت پاکستان کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے خاطر خواہ وسائل نہیں ہیں، ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کا بڑے پیمانے پر علاج معالجہ چل رہا ہے، کورونا کیس مہلک وباء سے نمٹنے کیلئے کافی وسائل چاہئے ہوں گے۔

تحریری فیصلہ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق چیئرمین این ڈی ایم اے کی رپورٹ اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین این ڈی ایم کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس ( پی پی ایز) پاکستان میں تیار ہو رہی ہیں، مقامی سطح پر وینٹیلیٹرز کی پیداوار بھی شروع ہو چکی ہے، 1187 وینٹی لیٹرز حکومت بیرون ملک ںسے منگوانے کا آرڈر دے چکی ہے، جن میں سے 300 وینٹی لیٹرز ملک میں آ چکے ہیں۔

تحریری فیصلہ میں عدالت عظمیٰ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا خطرات پر ماہرین کی ٹیم بنانے کی استدعا مسترد کرتے ہیں۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں سینیٹری ورکرز کو حفاظتی سامان اور تنخواہ دو روز کے اندر فراہم کی جائے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت سے قبل وفاق اور صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق پیشرفت رپورٹس عدالت عظمیٰ میں جمع کرائیں۔

کیس کی آئندہ سماعت 8 جون کو ہو گی۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا نیا وائرس ہے جس سے لڑنے کی تیاریاں نہیں تھیں، پاکستان کی کمزور معیشت کو کورونا وائرس نے مزید جدوجہد میں ڈال دیا ہے، حکومت عوام کو صاف اور صحتمندانہ ماحول کا بنیادی حق فراہم کرے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے ملک بھر میں کورونا وائرس اور ٹڈی دل سے مقابلہ کی صلاحیت رکھتا ہے، این ڈی ایم اے ٹڈی دل سے بچائو کیلئے جہاز سمیت دیگر سامان منگوا رہا ہے۔

عدالت چیئرمین این ڈی ایم اے کی کورونا اور ٹڈی دل کے خلاف کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا ہے کہ پورے ملک میں جون میں کورونا وائرس پیک پر پہنچ جائے گا۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت وفاق کے پاس ایگزیکٹو اختیارات ہیں، آئین کے تحت صوبے وفاق کے فیصلوں پر عملدرآمد کے پابند ہیں، صوبے وفاقی اختیارات کا احترام کرتے ہوئے عملدرآمد یقینی بنائیں۔