27 رمضان المبارک مملکت خداد داد پاکستان منزل مقصود کا ایک وسیلہ ہے ،دردانہ صدیقی

پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ، ہم اس کی نظریاتی بنیادوں پر ہی مضبوط اور متحد کر سکتے ہیں ،ْ یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے بیان

بدھ 20 مئی 2020 18:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی نے 27رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ، ملی یکجہتی ، یقین کامل اور بامقصد منصوبہ بندی کے ذریعے معجزانہ طور پر وجود میں آنے والے اس وطن کو ہم اس کی نظریاتی بنیادوں پر ہی مضبوط اور متحد کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں واپس انہی اُصولوں کی طرف لوٹنا ہو گا جن کا رب کریم نے حکم دے رکھا ہے ۔بندے کو بندے کی غلامی سے نکال کر اللہ رب العزت کی غلامی میں دینا ہو گا ۔ نفس پرستی اور ہوس پرستی کو دفن کر کے ایک دوسرے کے لیے خیر اور عافیت کے دروازے کھولنا ہوں گے ۔ 27 رمضان المبارک نزول قرآن کی شب پاکستان کا قائم ہونا اس بات کا متقاضی ہے کہ ہمیں اس ملک میں اسی نظام اور قانون کو نافذ کرنا ہو گا جوذات باری تعالیٰ کا مطلوب اور قرآن کا مقصود ہے ۔

(جاری ہے)

قائداعظم رحمة اللہ علیہ کے پاس اسلامی پاکستان کے لیے گہری بصیرت اورمضبوط منصوبہ بندی تھی مگر ان کے رخصت ہوتے ہی سیاسی لیڈروں نے اسے ذاتی انا پرستی کی بھینٹ چڑھا کر ارضِ پاکستان کو سیاسی اُکھاڑ پچھاڑ کا مرکز بنا ڈالا جس کے نتائج آج ہمارے سامنے ہیں ۔ ہمیں وطن عزیز کو بچانے اور اپنی چھت کو اپنے سر پر بطور ڈھال قائم رکھنے کے لیے عصبیت اور مفاد پرستی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد لائحہ عمل بنانا ہوگا تاکہ اس وطن عزیز کو صحیح معنوں میں ریاست مدینہ کہلوانے کا حق دار بنا یا جاسکے ۔