بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پرگولہ باری، 3 شہری زخمی

بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، زخمی شہریوں کو قریبی طبی مرکزمنتقل کر دیاگیا: آئی ایس پی آر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مئی 2020 17:34

بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پرگولہ باری، 3 شہری زخمی
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی2020ء) بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پرگولہ باری، 3 شہری زخمی، پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، آج بھی شدت پسند بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر پرشہری آبادی پرگولہ باری کی جس کے نتیجے میں 3 شہری شدید زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی شہریوں کو قریبی طبی مرکزمنتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل 7 مئی کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں رکھ چکری اور نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 6 شہری زخمی ہوگئے تھے۔ بھارتی فوج کے جانب سے ایل او سی کے سیکٹرز نیزہ پیر اور رکھ چکری پر مارٹر، آرٹلری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا جس سے 6 شہری زخمی ہوئےتھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کو خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی قوتیں بھی ہیں جو پاکستان کو کسی صورت مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں . دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ ایسی قوتیں موجود ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں اور مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں‘انہوں نے کہا کہ کبھی یہ لوگ بھجوا کر دراندازی کرتے ہیں جس کی مثال کلبھوشن کا کیس ہے وہ جس طرح گرفتار ہوا وہ بھی پوری قوم کے علم میں ہے.شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عناصر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں. وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو متعدد بار آگاہ کر چکا ہے کہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے، عالمی برادری کو ان حالات کا نوٹس لینا چاہیے انہوں نے کہا کہ جب دنیا پاکستان سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں تو ہم افغان امن عمل میں، خلوص نیت کے ساتھ اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے ہیں، جس کو سراہا بھی جا رہا ہے.