رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت 28 مئی تک ملتوی

بدھ 20 مئی 2020 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت 28 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے متعلقہ افسر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر نیب کے متعلقہ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے وکیل کو بھی مزید دلائل کیلئے طلب کر لیا۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے خلاف کیسز زیر التوا ہیں، ریفرنس کی وجہ سے نیب نے تمام اثاثے منجمد کر رکھے ہیں،بینک سے قرض کیلئے شیئرز ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کرانے کی درخواست کی تھی تاہم ایس ای سی پی نیب میں کیسز ہونے کی وجہ شیئرز رجسٹرڈ نہیں کررہا۔ استدعا ہے کہ ایس ای سی پی کو رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔