الخدمت فائونڈیشن کے زیر کفالت یتیم بچوں میں نعمت اللہ خان عید گفٹ تقسیم کی تقریب

بدھ 20 مئی 2020 23:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) جماعت اسلامی کے رفاہی ادارے الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد کے تحت لطیف آباد میں الخدمت فائونڈیشن کے زیر کفالت یتیم بچوں میں نعمت اللہ خان عید گفٹ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد اعجاز علی ہالیپوٹو ،مختیار کار لطیف آباداسلم شر، نائب صدر الخدمت فائونڈیشن سندھ سید یونس، ممتاز عالم دین مولانا عبد الغنی ، آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر فیروز میمن، سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن، جنر ل سیکریٹری الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد نعیم عباسی ، نائب صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد سلیم خان نے بھی خطاب کیا نائب صدر الخدمت فائونڈیشن سندھ محمد یونس نے تقریب کے شرکاء اور پروگرام میں شریک الخدمت کے زیر کفالت یتیم بچوں میں نعمت اللہ خان عیدگفٹ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے یتیم و مستحق بچوں پر اپنا دستِ شفقت رکھ کر ان کوبھی اپنے بچوں کی طرح اچھی تعلیم و تربیت کا حق دلا کر ان کو معاشرے کا بہترین انسان بنانا ہمارا فرض ہے اسی میں ہمیں حقیقی دل کا سکون اور اللہ پاک اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا قرب خاص حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

سر پرست الخدمت فائو نڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہاکہ ہم نے اپنے اور اپنے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنانا ہے تو ہم کو اپنے آس پاس معاشرے کے پسے ہوئے مستحق اور یتیموں کی مدد اور کفالت کر کے اپنے ہی ان محروم اور مجبور لوگوں کی محرومیوں اور مجبوریوں کو ختم کرنے کے لیے اپنا دل بڑا کر کے اور بڑھ چڑھ کر آگے آنا ہوگا۔

الخدمت فائونڈیشن اللہ کی مدد، تائید اور مخیر حضرات کے بھرپور تعاون سے لاکھوں دکھی لوگوں کی بغیر کسی رنگ و نسل اور فرقے کے مسلسل کئی سالوں سے تعلیم، صحت، قدرتی آفات، یتیم بچوں کی کفالت اور مستحق لوگوں میں راشن تقسیم جیسے کام بلاتفریق، بے لوث، ہمہ وقت خدمات سرانجام دے کر قوم اور معاشرے کی اصل خدمت کررہی ہے اور الحمد للہ الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد میں 200 سے زائد یتیم اور مستحق بچوں کی مکمل تعلیم و تربیت کی کفالت بھی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی طرح مجموعی طور پر الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد کے جاری مختلف شعبہ جات کے تحت شہر سمیت ضلع بھر میں سالانہ لاکھوں سے زائد مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد اعجاز علی ہالیپوٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے یتیموں کی خدمت قابل تعریف ہے بلاشبہ یتیم کی کفالت کرنے والا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت حاصل کرے گا، جو کہ بہت بڑی خوش قسمتی ہوگی بچوں کے درمیان آکر میں خوشی محسوس کر رہا ہوں۔صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن اس وقت 200سے زائد آرفن بچوں کی کفالت کر رہی ہے جبکہ کرونا کی وباء کے دوران حیدرآباد کے ڈاکٹرز، اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں حفاظتی سامان اور عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی، الخدمت فاونڈیشن خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے، ہمارے رضاکار بلاتفریق رنگ، نسل، مذہب ہر جگہ پہنچے ۔

گرجا گھر، مندر اور مساجد میںا سپرے کیے گئے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ الخدمت فائونڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے ایک بہت بڑا کام سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے ہیں،الخدمت فاونڈیشن ہر قومی تہوار کے موقع ان بچوں کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کرتی ہے یتیم بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں،یہی بچے بڑے ہوکر ملک اور قوم کی رہنمائی کریں گے الخدمت آرفن کئیر پروگرام معاشرے کے لیے ایک مثالی پروگرام ہے ہم ان بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیںدینی نقطہ نظر سے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان بچوں کی سرپرستی کریں الخدمت آرفن کئیر پروگرام کے تحت آرفن بچوں کی تعلیم،خوراک،ذہنی اور جسمانی نشوونما کی جاتی ہے تاکہ ان بچوں میں احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے۔

پروگرام کے آخر میں 200بچوں میں عید گفٹ ، عیدی اور بیوہ خواتین میں عید کے کپڑے بھی تقسیم کیے گئے اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کلین واٹر کے پروگرام منیجر کاشف عباس ملک ،راؤ مسعود علی خان،عین الدین سید ودیگر بھی موجود تھے۔