حکومت اور ٹرانسپوٹرز کے مابین مذاکرات کامیاب ،کل سے ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان

جی ٹی روڈ پر 20فیصد کم کرائے کیساتھ سیٹ ٹو سیٹ ، موٹر وے پر کرائے کم نہیں کئے جائینگے،پریس کانفرنس

بدھ 20 مئی 2020 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) حکومت اور ٹرانسپوٹرز کے مابین مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کل(جمعرات)سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا،جی ٹی روڈ پر 20فیصد کم کرائے کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ جبکہ موٹر وے پر کرائے کم نہیں کئے جائیں گے ۔ٹرانسپورٹ ہائوس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی اور ٹرانسپورٹرز تنظیموں کے مابین ہونے والے مذاکرات میں بنک لیز کی قسطوں، ٹول پلازوں، ٹوکن ٹیکس سمیت دیگرمطالبات جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے تمام ابہام دور کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہے تاہم موٹروے پولیس نے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں اس پر ابہام تھا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے مرکز سے مذاکرات کا وعدہ کیا ہے۔ جی ٹی روڈ پر پنجاب جبکہ موٹروے پر وفاقی حکومت کے ایس او پیز ہوں گے۔ 80 فیصد گاڑیاں موٹروے پر سفر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جی ٹی روڈ پر مکمل طور پر گاڑیاں شروع کررہے ہیں تاہم جو دوست موٹروے کے ایس او پیز پر گاڑیاں چلانا چاہیں وہ چلا سکتے ہیں۔ ہمارے ساتھیوں نے عوام اور ملکی مفاد کیلئے فیصلے کیے کیونکہ عید کا موقع ہے اور ہم چاہتے ہیں حکومت کی کوشش کا فائدہ عوام کو پہنچے۔ایس او پیز کے تحت مسافروں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رکھاجائے گا۔ روٹ مکمل ہونے کے بعد بس کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا اور بس اڈوں پر سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بخار یا کھانسی سے متاثرہ مسافر وں کو بس میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔