چینی بحران انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ مرتب، (کل)حکومت کو پیش کی جائے گی

ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیاء رپورٹ پیش کریں گے، رپورٹ میں اہم شخصیات پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ، ذرائع

بدھ 20 مئی 2020 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فورنزک کرنے والے انکوائری کمیشن نے حتمی رپورٹ تیار کر لی، (آج) جمعرات کو حکومت کو پیش کی جائیگی ۔ نجی ٹی وی نے سر کاری ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیاء (آج) جمعرات کو رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کریں گے، 200 سے زائد صفحات کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی لگائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں اہم شخصیات پر ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ٹیکس چوری پر کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھاکہ ملک میں چینی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

چینی بحران کی ایف آئی اے رپورٹ کا اب فورنزک کیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ 25 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کو جمع کرائی جانی تھی تاہم کمیشن کی درخواست پر اسے مزید تین ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا۔وزیراعظم نے فورنزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید ایکشن لینے کا اعلان کیا ہے۔ چینی بحران رپورٹ سامنے آنے کے بعد جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کیا ہے اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کر دی گئی۔