صوبہ بھر میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مزارات کو کھولنے کا فیصلہ

بدھ 20 مئی 2020 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے لا ء اینڈ آرڈر نے صوبہ بھر میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مزارات کو محکمہ صحت کے طے کردہ ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔یہ فیصلہ صوبائی وزیر قانون و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں جمعتہ الوداع، شب قدر، یوم القدس اور عیدالفطر کے موقع پرکرونا ایس او پیز اور سکیورٹی انتظامات سمیت حساس اداروں کو دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کی موصولہ اطلاعات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان اورصوبائی وزیر کھیل وسیاحت تیمور احمد خان نے بھی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ مومن آغا، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور دیگر افسران نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

لاہور سے باہر صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور پولیس افسران کی ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ میں بتایا کہ عید اور دیگر ایام کے حوالے سے سکیورٹی اور کرونا لاک ڈان کے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے موثر پلان ترتیب دیے گئے ہیں۔راجہ بشارت نے ہدایت کی کہ جب تک نئے ایس او پیز نہیں آتے اس وقت تک مارکیٹس اور مساجد میں موجودہ ایس او پیز بالخصوص مقررہ اوقات کی سخت پابندی کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عید سے پہلے بالخصوص چاند رات کوپبلک مقامات اور رہائشی علاقوں میں سٹریٹ کرائم پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانون نافذ کرنے والے تمام وفاقی و صوبائی ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھ کرممکنہ تخریبی کارروائیاں ناکام بنائیں۔انہوں نے راولپنڈی انتظامیہ کو تاکید کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران مری جانے والے سیاحوں پر ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔وزیر محنت نے تجویز دی کہ عید اور دیگراجتماعات میں ہر نمازی کو ایس او پیز بالخصوص ماسک کی پابندی کے لیے مساجد کے اماموں اور کیبل ٹی وی کے ذریعے باربارآگاہی دی جائے۔