ضلع میں ٹڈی دل کے حملوں میں مزید شدت آنے کے بعد ضلع میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی تباہی کا امکان ہے،زمیندار ایکشن کمیٹی

بدھ 20 مئی 2020 23:59

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2020ء) زمیندار ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ضلع میں ٹڈی دل کے حملوں میں مزید شدت آنے کے بعد ضلع میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی تباہی کا امکان ہے ۔جبکہ زمیندار شدید پریشانی و کرب میں مبتلا ہے اگرچہ محکمہ زراعت اپنے محدود وسائل کے تحت ضلع میں ٹڈی دل کے کنٹرول کے لئے کوششیں کررہی ہے مگر کم وسائل کے وجہ سے لوکیسٹ کنٹرول ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے ضلع میں اس وقت لاکھوں ایکڑ فصلات ٹڈی دل کے حملوں کے زد میں ہیں اور فصلات میں بڑے پیمانے پر ٹڈی موجود بھی ہیں جن سے زمیندار و کسان پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ ضلع کے ارباب اختیار و خصوصا ضلعی انتظامیہ اور ضلعی انتظامی سربراہ ڈپٹی کمشنر کی غیر سنجیدگی اور لاپروائی قابل مذمت ہے آج زمینداروں پر مشتمل وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں اپنے مشکلات اور ضلع میں اسپرے ادویات موجود نہ ہونے کے حوالے سے آگاہ کرنا چاہا تو ڈپٹی کمشنر نے وفد کو طویل انتظار کرنے کے بعد ملاقات سے ہی انکار کیا جو قابل مذمت ہے ضلعی انتظامی سربراہ کی غیر سنجیدگی اور لاپروائی کے وجہ سے ضلع میں بڑے پیمانے پر زرعی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ضلعی انتظامی سربراہ ضلع میں ٹڈی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے مکمل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جو ضلعی انتظامیہ کے شایان شان نہیں ڈپٹی کمشنر ضلع میں افسر شاہی بنکر عوام کے ساتھ انتہائی ناروا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جنہیں عوام اور عوامی مفادات سے کوئی سروکار نہیں موصوف خود کو اپنے دفتر تک محدود کرکے ضلع کو بے یار و مددگار چھوڑ رکھا ہے انہیں ضلع کے عوام سے کوئی سروکار نہیں انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سمیت تمام محکمے عوام کے خادم و عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والوں کا عوام کے ساتھ معاندانہ رویہ قابل افسوس ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامی سربراہ مکمل ناکام افسر کے طور پر سامنے آئے ہیں اس سے قبل بھی ضلع میں متعدد آفیسرز اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے چکے ہیں مگر سابق آفسیران کا رویہ عوام سیاسی جماعتوں سول سوسائٹی سمیت زمینداروں کے ساتھ انتہائی دوستانہ رہا ہے اور ان سابق آفسیران نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیح دی ہے مگر موجودہ ڈی سی نوشکی افسر شاہی کے طور پر عوام کے ساتھ انتہائی برا سلوک کررہے ہیں موصوف کے دفتر کے دروازے عوام کے لئے مکمل بند ہیں اور ڈپٹی کمشنر نے خود کو مخصوص افراد تک محدود کررکھا ہے عوام ایک جانب کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور لاک ڈاون سے پہلے ہی متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وقت ضلع میں ٹڈی دل کے حملوں سے زراعت کے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں مگر نااہل انتظامی آفیسر کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی زمیندار و کسان مکمل بے یار و مددگار ہیں محکمہ زراعت کے پاس لوکیسٹ اسپرے ادویات ختم ہوچکے ہیں جبکہ عید کی آمد آمد ہے اور دوسری جانب نااہل آفیسران کے رحم و کرم پر ضلع کی زراعت تباہ ہورہی ہے اور افسر شاہی لوکیسٹ کے کنٹرول پر کوئی توجہ دینے کے بجائے غیر ضروری کاموں میں مصروف نظر آتی ہے جس سے خدشہ ہے کہ ضلع میں ہزاروں ایکڑ پر فصلات تباہ ہو جائیں گے انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان ،چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر رخشان ڈویژن سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈپٹی کمشنر نوشکی کے بچگانہ اور غیر سنجیدہ رویے کا فوری نوٹس لیکر ضلع میں اہل و ایماندار اور فرض شناس عوام دوست آفیسر کی تعیناتی عمل میں لاکر ضلع کی زراعت کو تباہ ہونے سے بچانے کے لئے اقدامات کریں بصورت دیگر زمیندار و کسان احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ۔