بلوچستان اسمبلی کا تین گھنٹے دورانیے کا ریکوزیشن اجلاس 6گھنٹے سے زائد وقت تک چلنے کے بعد غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی

جمعرات 21 مئی 2020 00:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) بلوچستان اسمبلی کا تین گھنٹے دورانیے کا ریکوزیشن اجلاس 6گھنٹے سے زائد وقت تک چلنے کے بعد غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ، بدھ کو اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا جانے والے ریکوزیشن اجلاس مقرر وقت سے 15منٹ کی تاخیر سے سوا12بجے شروع ہوا اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایجنڈا کو کورونا وائرس اور اسکے اثرات اور ٹڈی دل کے موضوعات تک محدود رکھا گیا ،اسمبلی اجلاس سے قبل دی جانے والی ایس او پیز کے مطابق اجلاس تین گھنٹے دوانیے کا تھا جو 6گھنٹے سے زائد وقت چلا اور شام ساڑھے چھ بجے ختم ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلیٰ جام کمال خان ، اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، اصغر خان اچکزئی ، ملک نصیر شاہوانی ،ثناء بلوچ سمیت دیگر ارکان نے طویل تقاریر کیں اور دونوں موضوعات پر اپنا نقطہ نظر ایوان میں رکھا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کا گور نر کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا ۔