قوم بلند و بانگ دعوے کرکہ حکومت بنانے والوں کی نااہلی سے مایوس ہوچکی ہے، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال

قوم نے دیکھ لیا کہ کرونا وائرس کے دوران لاک ڈائون میں وہ پی ایس پی جس کے پاس آج ایک کونسلر تک نہیں ہے وہ عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے

جمعرات 21 مئی 2020 00:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ قوم بلند و بانگ دعوے کرکہ حکومت بنانے والوں کی نااہلی سے مایوس ہوچکی ہے۔ قوم نے دیکھ لیا کہ کرونا وائرس کے دوران لاک ڈائون میں وہ پی ایس پی جس کے پاس آج ایک کونسلر تک نہیں ہے وہ عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے لیکن وزرا اور گورنروں کی سیاسی جماعتیں کہیں نظر نہیں آرہیں۔

عوام اعتراف کررہی ہے کہ مسئلہ کبھی بھی اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ پی ایس پی نے لسانیت کے بت کو توڑ کر بھائی کو بھائی سے ملایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام جوق در جوق پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم، وزرا، گورنر اور مئیر کی سیاسی جماعتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس پی کی تنظیم کراچی سے کشمیر تک منظم و فعال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے جبل پور کمیونٹی کے وفد کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بیشتر عوامی مسائل اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کرکے حل کیے جاسکتے جس میں پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا شامل ہے تاکہ اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل ہوں جبکہ موجودہ صورتحال میں وسائل صوبوں میں وزیر اعلی کے پاس محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر علما رابطہ کمیٹی کے صدر اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رکن انجینئر نبیل ناصر بھی موجود تھے۔