امریکا نے ایران کے وزیرداخلہ سمیت 9 شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

صدر ٹرمپ مئی 2018ء میں جولائی 2015ء میں ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے سے دستبردار ہوگئے

جمعرات 21 مئی 2020 10:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) امریکا نے ایران کے وزیر داخلہ سمیت 9 شخصیات پر نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔امریکا کے محکمہ خزانہ نے اس ضمن میں اپنی ویب گاہ پر ایک نوٹس جاری کردیا ہے۔اس نوٹس کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کی مہم کے تحت وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی سمیت نو افراد پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے تین اداروں پر بھی پابندیاں عاید کی ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں دو جیلیں اور ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مئی 2018ء میں جولائی 2015ء میں ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے سے دستبردار ہوگئے تھے۔اس کے بعد سے ان کی انتظامیہ نے ایران کے خلاف سخت پابندیاں عاید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔محکمہ خزانہ کی پابندیوں کے تحت کوئی بھی امریکی ادارہ یا فرد قدغنوں کی زد میں آنے والے ایرانی حکام اور اداروں کے ساتھ کوئی کاروباری لین دین نہیں کرسکتا ہے اور ان کے اگر امریکا میں کوئی اثاثے ہیں تو انھیں ضبط کر لیا جائے گا۔