ضلع بھر میں گندم خریداری مہم جاری ہے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 21 مئی 2020 15:59

لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں گندم خریداری مہم جاری ہے اور پانچوں مراکز خریداری پر ابتک 20314میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدی جاچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ ڈی ایف سی ملک مسعود احمد نے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے آغاز سے ابتک مرکز خریداری گجرات میں 2597میٹرک ٹن، گندم خریداری مرکز لالہ موسیٰ میں 3385میٹرک ٹن، گندم خریداری مرکز ڈنگہ میں 5473میٹرک ٹن، گندم خریداری مرکز منگوال میں 5891میٹرک ٹن اور گندم خریداری مرکز جلالپور جٹاں میں 2966میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام مراکز خریداری گندم پر کسانوں نے بڑی تعداد میں باردانہ کیلئے رجوع کیا اور ضلع میں مجموعی طور پر 2لاکھ20ہزار884بوری باردانہ جاری کیا گیا ہے جبکہ حکومت پنجاب کے کرونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 1038کسانوں نے باردانہ کے حصول کیلئے آن لائن درخواست دی۔

ڈپٹی کمشنر نے گندم خریداری کے لئے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے بھرپور محنت، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر فوکل پرسن اے ڈی سی ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، اسسٹنٹ کمشنرز اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی کارکردگی کو زبردست سراہا۔