اسلام آباد ہائیکورٹ،دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف انجینئر خرم دستگیر کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعرات 21 مئی 2020 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف انجینئر خرم دستگیر کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔ جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر خرم دستگیر کی دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کی مرکزی استدعا یہی ہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کمیشن کے ممبر نہیں ہو سکتی اس پر وکیل نے جواب دیا کہ یہ صرف ایک گراؤنڈ ہے کہ وزراء کے علاوہ تمام ممبرز کے لیے گورنرز سے مشاورت ضروری ہے، آئین کے تحت قومی مالیاتی کمیشن کے اجلاس میں تمام ارکان کی موجودگی ضروری ہے، قومی مالیاتی کمیشن کو وہ فرائض بھی سونپ دیئے گئے جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

(جاری ہے)

جس پرجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ آپ کی یہ باتیں مفروضوں پر مبنی ہیں، اجلاس ہونے دیں، کوئی غیر آئینی بات ہو تو بتائیں۔ سپریم کورٹ نے کورونا از خود نوٹس کیس میں وفاق کے اختیارات سے متعلق آئین کے آرٹیکل 149 کی تشریح کی۔ درخواست پر نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے آرڈر کی روشنی میں کریں گے، آپ بھی وہ آرڈر پڑھ کر آئیں، عید کی چھٹیوں کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پر اس کیس کو سنیں گے، عدالت نے کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔