بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باﺅلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں: تمیم اقبال

دونوں ممالک کے پلیئرز ڈومیسٹک میچز میں ایک جیسی پچز پر کھیلتے ہیں ، اسکے باوجود پاکستان ہمیشہ ٹاپ کلاس فاسٹ باﺅلر تیار کرتا رہا ہے: بنگلہ دیشی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مئی 2020 14:15

بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باﺅلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں: تمیم اقبال
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2020ء ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کو پاکستانی باﺅلنگ اٹیک سے سیکھنے کا مشورہ دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان رمیز راجہ کے ساتھ انٹرویو میں تمیم اقبال نے کہا کہ بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باﺅلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں کیونکہ پاکستان وہ ٹیم ہے جس سے ہمیں سیکھنا چاہئے۔

ڈومیسٹک میچز میں دونوں ممالک کے پلیئرز ایک جیسے پچز پر کھیلتے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان ہمیشہ سے ٹاپ کلاس فاسٹ باﺅلر تیار کرتا رہا ہے۔ تمیم اقبال نے کہا کہ اگر ہم وہ راستہ اپنائیں جس راستے پر پاکستان چل رہا ہے تو ہم بنگلہ دیش کرکٹ کی مدد کر سکتے ہیں ،یہ عمل خصوصاً فاسٹ باﺅلنگ کے شعبہ کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دوسرا سپیشلسٹ سعید اجمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آف سپنر نے ہمیں بہت سے انٹرنیشنل میچز میں مشکلات سے دوچار کیا، سعید اجمل اپنے عروج کے زمانے میں ناقابل فہم باﺅلر تھے، آپ ان کی گیند کو ٹھیک سے سمجھ نہیں سکتے ، میں بھی ٹھیک سے سمجھ نہیں سکتا تھا۔

اوپنر کا کہنا تھا کہ سپنرز پر ہمارے بہت زیادہ انحصار، بھروسہ اور اعتماد کی وجہ سے ہم پاکستان جیسے فاسٹ باﺅلر تیار نہیں کر سکے اور ہمیں چاہئے کہ ہم ناصرف پاکستان کے فاسٹ باﺅلنگ اٹیک سے سیکھیں بلکہ ان کے اختیار کردہ طریقہ کار پر عمل کریں تاکہ اس خلا کو پر کیا جا سکے۔