ارطغرل غازی کو نشر کرنے سے میرے 35 روپے وصول ہوگئے، حمیمہ ملک

اب پی ٹی وی بجلی کے بل کی مد میں عوام سے 35 روپے وصول کرنا چھوڑ دے، واسع چوہدری

جمعہ 22 مئی 2020 15:03

ارطغرل غازی کو نشر کرنے سے میرے 35 روپے وصول ہوگئے، حمیمہ ملک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے کہاہے کہ ارطغرل غازی کو نشر کرنے سے میرے 35 روپے وصول ہوگئے۔معروف اداکارہ حمیمہ نے ٹوئٹر پر دیریلیش ارطغرل کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ڈرامے چلانے سے ان کے 35 روپے وصول ہوگئے۔حمیمہ ملک نے اپنی ٹوئٹ میں دیریلیش ارطغرل کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے پی ٹی وی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس بہترین ڈرامے کو نشر کر رہی ہے۔

حمیمہ ملک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دیریلیش ارطغرل کو پی ٹی وی پر چلانے سے ان کی جانب سے سرکاری ٹی وی کو بجلی کے بل کی مد میں دیے جانے والے 35 روپے وصول ہوگئے اور ترک ڈراما ان کے 35 روپے کی کل قیمت ہے۔ انہوں نے ترک ڈرامے کے مواد کو اچھا قرار دیتے ہوئے لوگوں کو اس سے محظوظ ہونے کا بھی کہا۔

(جاری ہے)

حمیمہ ملک کی طرح اداکار واسع چوہدری نے بھی دیریلیش ارطغرل کو پی ٹی وی پر چلانے پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کردیا کہ اب پی ٹی وی بجلی کے بل کی مد میں عوام سے 35 روپے وصول کرنا چھوڑ دے۔

واسع چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں دیریلیش ارطغرل کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اور اب چوں کہ سرکاری ٹی وی نے ترک ڈرامے کی توسط سے اربوں اور کھربوں روپے کمالیے ہیں تو انتظامیہ کو بجلی کے بل کی مد میں قوم سے 35 روپے وصول کرنا بند کرنے چاہیے تاہم واسع چوہدری کے مطالبے پر کوئی لوگ ناراض بھی دکھائی دیے اور انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی خاطر سرکاری ٹی وی کو 35 روپے تو کیا 200 روپے بھی دینے کو تیار ہیں۔کچھ لوگوں نے کہا کہ جب ہم لوگ وطن کی خاطر جان دے سکتے ہیں تو 35 روپے کیوں نہیں دے سکتے جبکہ کسی نے واسع چوہدری کو یاد دلایا کہ اب سرکاری ٹی وی بجلی کے بل کی مد میں 35 روپے نہیں بلکہ 100 روپے وصول کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :