پی آئی اے مسافر طیارہ گرنے کی وجہ سامنے آ گئی

طیارے کا پہیہ نہیں کھل رہا تھا ،طیارہ فنی خرابی کا شکار ہو گیا

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعہ 22 مئی 2020 15:49

پی آئی اے مسافر طیارہ گرنے کی وجہ سامنے آ گئی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 22 مئی 2020ء ) پی آئی اے طیارہ گرنے کی وجہ سامنے آ گئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر طیارے کا پہیہ نہیں کھل رہا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کا شکار ہو گیا۔ جس کے باعث طیارہ رہائشی علاقے میں گر گیا ، آئی آر وائی نیوز کے مطابق جہاز کے پہیہ میں خرابی آ جانے سے حادثہ پیش آیا، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

لوگ افواہوں پر توجہ نہ دیں ۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ افسوس  ناک واقعہ  کے بعد پی  آئی اے سی  ای او  کراچی پہنچ رہے ہیں۔  ترجمان کا کہنا  تھا کہ  تحقیقات کے بعد  تمام حقائق  سامنے آ جائیں گے  ، وقت سے پہلے  کچھ کہنا درست نہیں ہو گا۔ کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

ایئربس 320 میں 107 افراد سوا تھے۔

جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل ہیں۔
پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے بالکل تیار تھا۔ پائلٹ نے لینڈنگ کا سگنل بھی دے دیا تھا۔ لیکن طیارے کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا اور ماڈل کالونی کی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔

طیارہ گرنے کی ابتدائی وجوہات تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے۔ طیارہ گرنے سے کئی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ جبکہ جس چھت پر طیارہ گرا ہے۔ اس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ طیارہ گرنے کے ساتھ ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔ جس سے آسمان پر دھوئیں گے بادل بن گئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی ہے۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ اور ماڈل کالونی کے متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔