پاکستانی نوجوان نے مخبری کر کے سعودیوں کے دل جیت لیے

دو حجاموں کے بارے میں میونسپلٹی کو رپورٹ کرنے پر ہر طرف سے شاباش ملنے لگی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مئی 2020 15:54

پاکستانی نوجوان نے مخبری کر کے سعودیوں کے دل جیت لیے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22مئی 2020ء) سعودی عرب میں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں ، جو ایک طرف سالانہ اربوں روپے کا زر مبادلہ بھیج کر پاکستان کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، تو دوسری جانب سعودی مملکت کی ترقی اور خوش حالی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کبھی کبھار چند ایک پاکستانیوں کی جانب سے خلاف قانون حرکات سامنے آتی ہیں، تاہم مجموعی طور پر پاکستانی تارکین وطن سعودی قوانین کی مکمل پاس داری کرتے ہیں۔

ایک ایسے ہی ذمے دار پاکستانی نے قانون کا ساتھ دے کر لاکھوں سعودیوں کے دل جیت لیے ہیں۔ سعودی ویب سائٹ المرصد کے مطابق ریاض میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان نے میونسپلٹی سے رابطہ کر کے انہیں دو حجاموں کے بارے میں اطلاع دی جو کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے اُن کی حجامت اور شیو بناتے تھے۔

(جاری ہے)

ان حجاموں نے اپنی رہائش گاہ میں ہی غیر قانونی طور پر حجامت کا اڈہ قائم کر رکھا تشا۔

میونسپلٹی نے پاکستانی نوجوان کی مخبری کے بعد پولیس کے ساتھ مل کر ان دو غیر ملکی حجاموں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ایک اہلکار نے ان حجاموں سے فون پر رابطہ کر کے اپنی اور ساتھیوں کی شیو بنوانے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں حجاموں نے اسے اپنے ٹھکانے پر بُلایا۔ اسی دوران طے شدہ منصوبے کے تحت میونسپلٹی اور پولیس کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر دونوں حجاموں کو گرفتار کر لیا۔

ایک مقامی صحافی نے اس ساری کارروائی کی ویڈیو بھی بنائی۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان حجاموں کی رہائش گاہ کتنی خراب حالت میں تھی اور صفائی ستھرائی کا بھی کوئی انتظام نہ تھا۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر میونسپلٹی کو اطلاع دینے والے پاکستانی کی خوب تعریف کی جا رہی ہے ، جس سے تمام پاکستانی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کوروناوائرس کی وبا کے باعث تمام تجارتی مراکز بند کر دیئے گئے ہیں، جس کے باعث چھوٹے چھوٹے کاروباروں سے منسلک افراد شدید مالی پریشانی میں گھر گئے ہیں۔

ایک ایسے ہی حالات کے مارے پاکستانی حجام نے جازان میں اپنی باربر شاپ کے بند ہو جانے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر ہی لوگوں کے بال کاٹنا شروع کر دیئے، تاہم اس کا چوری چھُپے کیا جانے والا یہ کاروبار زیادہ دیر تک پولیس کی نظروں سے پوشیدہ نہ رہ سکا۔ ایک مقامی شخص نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی، جس کے بعد پولیس نے پاکستانی حجام کوگرفتار کر لیا۔

جازان میں سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے پر غیر قانونی طور پر بار بر شاپ چلانے والے حجام کو گرفتار کرلیا۔اس ویڈیو میں ایک پاکستانی حجام اپنے مکان پرمقامی شہریوں خصوصا بچوں کے بال بنا تا دکھائی دے رہا تھا۔مقامی شہری نے وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے سعودی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے گرفتار کیا جائے کیونکہ وہ ایک طرف تو کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات اور پابندیوں کی خلاف ورزی کررہا ہے دوسری جانب وہ اپنے گھر کو باربر شاپ میں تبدیل کیے ہوئے ہے۔

مقامی شہری کا کہناہے کہ غیرملکی حجام کافی عرصے سے اپنی رہائش کو باربر شاپ بنائے ہوئے ہے۔ وہ مقرر ضوابط کی پابندی بھی نہیں کررہا ہے-مقامی شہری کی شکایت پر سیکیورٹی فورس کے اہلکار فوری طور پر پہنچ گئے اور انہوں نے غیر قانونی طریقے سے باربر شاپ قائم کرنے والے غیر ملکی کو گرفتارکرلیا۔اب تک درجنوں پاکستانی حجام چوری چھُپے بال کاٹنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔