Live Updates

حکومت نے آئی پی پیز سے بجلی کی قیمت کم کروانے کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دے دی

بابر یعقوب کمیٹی کے سربراہ ،اراکین میں آئی پی پیز رہورٹ تیار کرنے والی کمیٹی کے سربراہ محمد علی بھی شامل وزیر اعظم کے معاون خصوصی قاسم شہزاد کی سربراہی میں آئی پی پیز سے بات چیت کیلئے قائم ٹیکنکل کمیٹی بھی کام کرتی رہے گی

جمعہ 22 مئی 2020 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) شوگر مافیا کے بعد آئی پی پیز کی طرف سے بھاری منافع جات حاصل کرنے کا معاملہ،حکومت نے آئی پی پیز سے بجلی کی قیمت کم کروانے کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ذرائع وزیر اعظم آفس کے مطابق کمیٹی کے قیام کی منظوری کابینہ کی توانائی کمیٹی نے دی ،کمیٹی سابق وفاقی سیکریٹری بابر یعقوب کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق بابر یعقوب سکرٹری الیکشن کمیشن اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت کئی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اراکین میں آئی پی پیز رہورٹ تیار کرنے والی کمیٹی کے سربراہ محمد علی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیگر اراکین میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ایک معروف وکیل بیرسٹر قاسم ودود اور پاور ڈویژن کے ایک جائنٹ سیکرٹری شامل ہیں ،نئی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا ، نئی کمیٹی محمد علی کمیٹی رپورٹ کی روشنی عید کے بعد آئی پی پیز سے بات چیت شروع کرے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی قاسم شہزاد کی سربراہی میں آئی پی پیز سے بات چیت کیلئے قائم ٹیکنکل کمیٹی بھی کام کرتی رہے گی ۔ ذرائع نے بتایاکہ شہزاد قاسم کی سربراہی میں قائم کمیٹی کا کام سرکاری شعبے کے بجلی گھروں تک محدود ہو جائے گا ،یہ ٹیکنکل کمیٹی رپورٹ سے متعلق آئی پی پیز سے بات چیت نہیں کرے گی ۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات