عارف والا،حکومت نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے چھ سو کروڑ کی واٹر فلٹریشین پلانٹ سکیمیں دی ہیں، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور

جمعہ 22 مئی 2020 18:59

عارف والا،حکومت نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے چھ سو کروڑ کی واٹر فلٹریشین ..
عارف والا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کوروناریلیف فنڈ میں مخیرحضرات نے پچاس کروڑ روپے کے لگ بھگ عطیہ کیے ہیں، دس لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کرچکے ہیں، کوروناوائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈائون سے متاثرہ افراد میںرقم بھی تقسیم کرچکے ہیں، حکومت نے چھ سوکروڑ کی واٹرفلٹریشن پلانٹ کی سکیمیں دیں تاکہ عوام کو پینے کاصاف پانی میسر آسکے، پنجاب کی عوام میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہمارامشن ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے عارفوالا کے گائوں 2/EBمیں نئے فلٹریشن پلانٹ اور ووکیشنل ٹریننگ سکول کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ اسکول کے قیام سے سینکڑوں بچیاں ہنر سیکھ کر روزگار کماسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخیرحضرات مدد کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سرور فائونڈیشن کے زیراہتمام روزانہ کی بنیاد پربیس لاکھ افراد کو پینے کاصاف پانی فراہم کررہے ہیں۔

عارفوالا کی معروف سماجی شخصیت چوہدری واجد علی کی جانب سے دس واٹرفلٹریشن پلانٹ کا تحفہ دیا گیا ہے۔ گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کوروناوائرس کے دوران فرنٹ لائن پرکام کرنے والے محکمہ صحت اور پولیس ملازمین میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ آخر میں گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے اہلیہ پروین سرور کے ہمراہ غریب افراد میں راشن تقسیم کیا ۔اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن احسن وحید، آرپی اوہمایوںبشیرتارڈ، ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان ، ڈی پی او صاحبزادہ بلال عمر ،معروف سماجی شخصیت چوہدری واجد محمود ودیگر بھی موجودتھے۔