پشاور،ہوائی فائرنگ کرنیوالے دولہا سمیت3 ملزمان گرفتار

تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے

جمعہ 22 مئی 2020 21:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) سٹی پولیس پشاور نے نکاح کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے دولہا سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیاجن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ شہید گلفت حسین شہید کی حدود میں دولہا اصغر خان نے اپنی نکاح کی خوشی میں بھائی اور دوست کے ہمراہ ہوائی فائرنگ کی تھی جو فائرنگ کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی پشاور پولیس کی میڈیا پریس کور ٹیم کی جانب سے ویڈیو اور ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی نشاندہی کے بعد ڈی ایس پی سٹی عتیق شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین وارث خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تینوں ملزمان دولہا اصغر خان سمیت ارشد اور مہران کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ تین عدد پستول بھی برآمد کر لئے گئے ہیںتینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔