تیل بردار ایرانی جہازوں کی حفاظت وینزویلا کی فوج کرے گی‘وزیر دفاع کا اعلان

ایران کے پانچ تیل بردار جہاز اس وقت گہرے سمندروں میں ہیں اور آئندہ چند دنوں میں وہ وینزویلا پہنچ جائیں گے امریکہ نے وینزویلا اور ایران پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں

جمعہ 22 مئی 2020 22:28

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) وینزویلا کی فوج تیل لے کر آنے والے ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کو امریکہ کی طرف سے روک جانے کے خدشے کے پیش نظر ان کی حفاظت کرے گی۔ایران کے پانچ تیل بردار جہاز اس وقت گہرے سمندروں میں ہیں اور آئندہ چند دنوں میں وہ وینزویلا پہنچ جائیں گے۔وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ان ٹینکروں کے وینزویلا کی سمندری حدود میں پہنچنے پر ان کا استقبال کیا جائے گا۔

وینزویلا کی سمندری حدود اس کے ساحلوں سے 370 کلو میٹر دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔امریکہ نے وینزویلا اور ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ ان جہازوں کو روکنے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔امریکہ کے حمایت یافتہ وینزویلا کے حزب اختلاف کے رہنما ڑان گائیڈو نے کہا ہے کہ کے تیل درآمد کرنے سے پتا چلتا ہے کہ صدر نکولس مادورو کی حکومت کے دور میں وینزویلا کی تیل کی صنعت میں کس قدر صورت حال خراب ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

وینزویلا کے تیل کے ذخائر دنیا میں سب سے بڑے ہیں لیکن گزشتہ دو دہائیوں کی اقتصادی بد حالی سے تیل کی پیداوار بہت کم ہو گئی ہی-وینزویلا میں سنہ 2013 میں نکولس مادورو کے حکومت میں آنے کے بعد سے اب تک ملک کی تیل کی پیداوار پچاس فیصد سے زیادہ کم ہو گئی ہے۔ حالیہ برسوں میں غربت کی وجہ سے لاکھوں لوگ وینزویلا چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ کورونا وائرس اور تیل کی گرتی ہوئئ قیمتوں سے یہ صورت حال اور بھی خراب ہو گئی ہے کیونکہ وینزویلا کی معیشت کا انحصار بڑی حد تک تیل کی پیداوار پر ہے۔