Live Updates

کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنیوالوں کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ

حکومت موجودہ حالات میں طبی عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کرے ‘ سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ

جمعہ 22 مئی 2020 23:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات وسابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنیوالے محکمہ صحت ‘ محکمہ پولیس ‘ پاک فوج ‘ میڈیا اور بینک ملازمین سمیت دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کیلئے خصوصی پیکیج یا مراعات کا اعلان کیا جائے ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث بڑی تعداد میں شعبہ صحت کا عملہ جس میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر طبی عملہ شامل ہے حکومت کو چاہئے کہ ایسے حالات میں فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو حفاظتی کٹس فراہم کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کی حالت زار کا ملبہ ماضی کی حکومتوں پر ڈال رہی ہے مگر خیبر پختونخوا میں گزشتہ سات سال سے پی ٹی آئی کی ہی حکومت قائم ہے اور انہوں نے خود شعبہ صحت کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کزن نوشیروان برکی گزشتہ کئی سالوں سے بیرون ملک بیٹھ کر خیبر پختونخوا کے شعبہ صحت کو ریموٹ کے ذریعے چلا رہے ہیں جنہوں نے اس کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ مہر سلطانہ نے مزید کہا کہ ملک اور خصوصاً خیبر پختونخوا اس وقت کورونا وائرس کے حوالے سے بد ترین دور سے گزر رہا ہے اور ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث لوگ مر رہے ہیں مگر نوشیروان برکی بیرون ممالک کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کسی قسم کے پیشگی اقدامات نہیں کئے تھے جبکہ نہ اب ان کے پاس اس وباء کے خاتمے کا کوئی پلان موجود ہے اسی طرح لاک ڈائون میں غیر سنجیدگی کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس وبائی صورتحال میں بھی یوٹرن والی پالیسی ترک نہیں کی ایک دن حکومت کی جانب سے کسی شعبے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے جبکہ دوسرے دن اس کو استثنیٰ دیدیا جاتا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ صحیح طریقے سے لاک ڈائون نہ کرنے سے کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنیوالے طبی اور دیگر عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے سمیت دیگر سہولیات فراہم کئے جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات