قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام یوم القدس ریلی

جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں فلسطین کی آزادی کی قراردادیں منظور کی گئیں بیت المقدس امت مسلمہ کی عزت و غیرت کا مسئلہ ہے، شیعہ سنی اتحاد سے بیت المقدس آزاد ہوگا ، علامہ سبطین سبزواری

جمعہ 22 مئی 2020 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں نماز جمعتہ الوداع کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ مظاہرین نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور مختصر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بیت المقدس امت مسلمہ کی عزت و غیرت کا مسئلہ ہے۔ امام خمینی کے حکم پر اسلامی جمہوریہ ایران نے عالمی سطح پر یوم القدس کو منانا شروع کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی قیادت میں یوم القدس منانے کا سلسلہ شروع ہوا ، پھر ان کی شہادت کے بعد32 سال سے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر پاکستان میں یوم القدس منایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مکتب اہل بیتؑ کے ماننے والوں نے یوم القد س شروع کیا مگر اب اہل سنت برادران کی اس میں شمولیت کے شکر گذار ہیں، فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنے والی آوازوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب شیعہ سنی اتحاد کے ساتھ کہ بیت المقدس آزاد ہوگا اور ہم وہاں نماز ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پنجوں سے بیت المقدس کو آزاد کروانے کے لئے شیعہ سنی اتحادکے ساتھ ایران اور سعودی عرب تنازع کوبھی ختم کرنا چاہئے۔

حکمران بھی امریکہ کی خوشنودی کی بجائے، فلسطینیوں کے حقوق کے لئے حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں۔انہوںنے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی طرف قدم فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا اور شدید عوام رد عمل ہوگا۔ریلی میں علامہ محمد افضل حیدری،مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا غلام باقر گھلو،شبیر نقوی،قاسم علی قاسمی، شوکت علی اعوان، جعفر علی شاہ اور دیگررہنمابھی شریک ہوئے۔

مساجد میںنماز جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں منظور کی گئی قراردادوں میںناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مستردکرتے ہوئے فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی اور یہودی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلم ممالک کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا ۔کچھ مسلم ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاو مظلوم فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ ہے۔امریکہ اسرائیل کے مظالم کی حمایت کرکے شیطانیت اظہا ر کررہا ہے۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔