عالمی رہنمائوں اورپاکستان میں غیرملکی سفارتی مشنز نے پی آئی اے کے مسافربردارطیارے کے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم کا اظہار

لاہورسے کراچی جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کے حادثہ میں 100 سے زائد افرادجاں بحق اورزمین پرمتعدد افراد زخمی ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرامودی، افغانستان کے صدراشرف غنی، نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی، ترکی کے وزیر خارجہ مولوت کاوسگلو، پاکستان میں امریکاء، چین، فرانس، نیدرلینڈ اوریورپی یونین کے سفیروں نے طیارے کے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے

جمعہ 22 مئی 2020 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) عالمی رہنمائوں اورپاکستان میں غیرملکی سفارتی مشنز نے پی آئی اے کے مسافربردارطیارے کے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم کا اظہارکیاہے۔جمعہ کو لاہورسے کراچی جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کے حادثہ میں 100 سے زائد افرادجاں بحق اورزمین پرمتعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

بھارت کے وزیراعظم نریندرامودی، افغانستان کے صدراشرف غنی، نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی، ترکی کے وزیر خارجہ مولوت کاوسگلو، پاکستان میں امریکاء، چین، فرانس، نیدرلینڈ، اوریورپی یونین نے طیارے کے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج وغم اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔بھارت کے وزیراعظم نریندرامودی نے ٹوئٹرپرجاری پیغام میں کہاہے کہ پاکستان میں طیارے کے حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پرانہیں افسوس ہواہے،انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے صدراشرف غنی نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ وہ مرنے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں، انہوں نے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پرغمزدہ خاندانوں اورپاکستان کی حکومت اورعوام سے تعزیت کااظہارکیا، انہوں نے کہاکہ غم کی ایک گھڑی میں افغان عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔نیپال کے وزیراعظم کے پی شرمااولی نے طیارہ حادثہ پرپاکستان کی حکومت اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ افسوس اورتعزیت کااظہارکیاہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی ہے۔

پاکستان میں چینی سفارت خانہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ چین دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔پاکستان میں امریکا کے ناظم الامورپال جونز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی مشن کی طرف سے وہ پاکستان کے عوام اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔

ترکی کے وزیرخارجہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں حادثہ پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ پاکستانی بہنوں اوربھائیوں کے غم میں شریک ہیں ، پاکستانی بہنوں اوربھائیوں کاغم اوردرد ہمارا غم اوردرد ہیں ، انہوں نے مرنے والوں کی ایصال ثواب اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔یورپی یونین کے سفیراندرولا کامی نارا، ہالینڈ کے سفیر واوٹرپلومپ، اورپاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ نے بھی اس حادثہ پراپنے گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے، انہوں نے غم دہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔