قومی طیارے کو حادثہ دلخراش واقعہ ، جے یوآئی کا اظہار افسوس ، آزادنہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ ، مولانا فضل الرحمن

جمعہ 22 مئی 2020 23:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کراچی میں قومی طیارہ گرنے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہی کہ طیارہ گرنے سے پورا ملک غمزدہ ہے ، قوم غم کی حالت میں ہے۔ دلخراش واقعہ قوم کیلئے انتہائی دکھ اور بڑی آزمائش ہے، مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا طیارہ آبادی پر گرنے سے بہت نقصان ہوا ہے، اللہ مزید نقصان سے بچائے۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی ہیکہ زخمیوں کی فوری امداد کیلئے خون کے عطیات جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کا حادثہ اور آبادی پر گرنا دو بڑے سانحات ہیں، سیاسی جماعتیں حکومت سے بھرپور تعاون کریں ، رضاکار خدمت کیلئے تیار رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واقعے کی آزادنہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی درجات بلند فرمائے اور تمام زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

دریں اثنا جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے امیر مولانا سائیں عبدالصمد ہالیجوی، سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری، مولانا محمد غیاث، سمیع الحق سواتی نے پی آئی اے طیارے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کا حادثہ وطن عزیز کیلئے قیامت صغری کا منظر ہے، جمعیت علما اسلام کے کارکنان اپنے قائد کے حکم پر ہسپتال کا جاکر خون کے عطیات جمع کرائیں ۔

جے یو آئی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، رفاہی ادارے اور سیاسی جماعتیں امدادی سرگرمیوں کیلئے سامنے آئیں، مولانا راشد محمود سومرو ودیگر کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں فوری ایمرجنسی نافذ کی جائے۔جے یو آئی رہنماں نے دعا کی کہ حادثے میں جاں بحق افراد کو اللہ اپنی جوار رحمت میں مقام نصیب فرمائے، اور تمام زخمیوں کو اللہ رب العزت جلد از جلد صحت یاب فرمائے ۔