شیعہ علماء کونسل پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں کا ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت یوم القدس کی ریلیوں کا انعقاد

ہفتہ 23 مئی 2020 00:04

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب سندھ، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میںایس او پیز کے تحت یوم القدس کی ریلیوں کا انعقاد کیاگیا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ فرحت عباس جوادی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

علامہ فرحت عباس جوادی کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرکورونا عالمی وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہر سال کی طرح امسال بھی جمعة الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی مسجد و امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹوتا ڈی چوک تک نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ فرحت عباس جوادی،ڈویژنل صدر شیعہ علما کونسل راولپنڈی علامہ غلام قاسم جعفری، علامہ سید وزیر حسین کاظمی سینئرنائب صدراسلام ٓباد ، علامہ سید عقیل اصغر کاظمی ،سٹی صدرراولپنڈی سید نیر عباس نقوی ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ڈویژنل صدر محمد اکبر میر، سید محمد علی کاظمی ، سید محمود نقوی ،تصور عباس،سید نزاکت حسین نقوی، سید رضی رضوی ،چوہدری ریاض حسین سمیت دیگر تنظیمی عہدیداران نے کی ۔

علامہ فرحت عباس جوادی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل تھے ابھی وہ بھی حل نہ ہوپائے کہ استعمار نے شام ، عراق اوریمن میں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانا شروع کردی ۔ انہوںنے کہا کہ یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیلی ظلم و ستم کی انتہاء ہوچکی مگر افسوس اقوام متحدہ نے ہمیشہ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ، افسوس او آئی سی بھی خاموش تماشائی بنی رہی اور مسلم ممالک کی اکثریت نے بھی ہونٹ سی لئے ہیںجو کہ مقام افسوس و باعث تشویش ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا ، ان کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔