بھو سہ منڈی پولیس اسٹیشن عملے اور ذمہ داران کے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی سماجی کمیٹی ارکان کیساتھ توہین آمیز رویہ پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 23 مئی 2020 00:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) جمعیت علما ء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بھوسہ منڈی پولیس اسٹیشن کے عملے اور ذمہ داران کا جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی سماجی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ توہین آمیز رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے اراکین جب دو فریقین کی صلح وصفائی پہنچے تو تعارف کے باوجود ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ رکھنا علاقے کے عوام کی توہین ہے یہ بات سب کو معلوم ہے جمعیت علما اسلام غیر آئینی سرگرمیوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور اسی علاقے میں جمعیت علما اسلام کے نوجوانوں نے منشیات کے خلاف بھرپور تحریک چلائی ہے اور علاقے میں بدامنی اور امن و امان کی صورتحال میں پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے لیکن بدقسمتی سے پولیس اسٹیشن عبدالباقی شہید بھوسہ منڈی کی انتظامیہ کاکردار غیر مناسب اور ناقابل برداشت ہے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقے کے لوگ جب اپنی فریاد لے کر تھانے کا رخ کرتے ہیں تو وہاں شنوائی کی بجائے مزید توہین ہوتی ہے جس کی جمعیت علما اسلام شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ،تھانے میں ایمرجنسی کے نام پر صلح وصفائی اور امن کیلئے کردار ادا کرنے والی جماعت کے ساتھ ہتک آمیز رویہ پولیس اسٹیشن کے ذمہ دان کے کردار کو مشکوک بنارہا ہے ترجمان نے سوال اٹھایا ہے کہ پولیس اسٹیشن جیسے ادارے میں ایمرجنسی کے نام پر امن وامان کے قیام کے حوالے سے دروازے بند کئے جاتے ہیں تو تھانے کے قیام کا مقصد کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ تھانے میں ایمر جنسی لگنے کی وجہ سے لوگوں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ حکام بالا سے اپیل کرتی ہے کہ تھانے میں ایمرجنسی کے نام پر عوامی مسائل سے آنکھیں چرا نے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرکے قانون کے پاسداری کرنے والے اور عام افراد کے ساتھ توہین آمیز رویہ ترک کردیں۔

۔