مصطفی کمال نے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کردیا

جمعہ 22 مئی 2020 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلخراش حادثے پر پورا ملک غمزدہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ وطن عزیز کے لئے قیامت صغری کی مانند ہے۔ پی ایس پی حادثے میں جانبحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔ مصطفی کمال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طیارہ حادثے میں ناصرف زخمی افراد کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں بلکہ جانبحق، زخمی افراد کے علاہ متاثرہ گھروں کو بھی معاوضہ بھی ادا کیا جائے۔ مصطفی کمال نے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں ایسے سانحات کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے۔بعدازاں دلخراش حادثے کی اطلاع ملتے ہی پی ایس پی کے وائس چئیر مین اشفاق منگی و پی ایس پی فانڈیشن کے رضاکار بہت بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اشفاق منگی نے اس افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس پی دکھ کی اس گھڑی میں حادثے کا شکار افراد کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے۔