)پاکستان اور پاکستانی قوم آج جس مقام پر بھی ہے وہ اپنے اُنہی ہیروز کی لازوال قربانیوں کے باعث ہے، الطاف شکور

جمعہ 22 مئی 2020 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم آج جس مقام پر بھی ہے وہ اپنے اُنہی ہیروز کی لازوال قربانیوں کے باعث ہے جنہوں نے انگریزوں کے خلاف جدو جہد آزادی میں پامردی کے ساتھ جان و مال کی قربانیاں دیںاور وہ ہیروز بھی تا قیامت یاد رکھے جانے کے قابل ہیں جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قیام پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے بعد وطن کے استحکام اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔

ایسے ہیروز کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ان پر ڈرامے اور فلمیں بنائی جائیں اور پی ٹی وی سمیت تمام میڈیا اور سوشل میڈیا چینلز پر دکھائے جائیں تا کہ قوم کے نوجوانوں اور مستقبل کے معماروں میں پاکستان کی قدرو قیمت کا احساس اورجذبہ حب الوطنی کو فروغ حاصل ہو، مملکت خدادا دپاکستان مزید مستحکم اور عالیشان بن کر دنیا کے نقشے پرا بھر سکے اورا قوام عالم کے ہم پلہ نظر آسکے۔

(جاری ہے)

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ پاسبان اور ساری قوم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ارطغرل غازی ڈرامہ ٹیلیویژن پر عوام کو دکھانے کے فیصلے کو سراہتی ہے اور انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے ۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا مطالبہ ہے کہ محمد بن قاسم، ٹیپو سلطان، قائد اعظم محمد علی جناح،علامہ اقبال،مولانا محمد علی جوہر،انگریزوں کے خلاف جدو جہدآزادی میں شہید ہونے والے پیر پگاراکے والد سورہیہ بادشاہ اور حُر تحریک ، جنگ آزادی کے نامور ہیرو رائے احمد خان کھرل ، قیام پاکستان کی تحریک کے نامور شہداء و کرداروں غازی علم دین شہید،محترمہ فاطمہ جناح،،شہیدوزیر اعظم لیاقت علی خان،سردار عبدالرب نشتر، ہنزہ کی آبادی کو عطا آباد جھیل میں غرق ہونے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے کرنل عارف محمود عالم شہید ،65، 71 اور کارگل کی جنگوں کے شہید ہیروز، دہشت گردی کی حالیہ جنگ میں جانیں قربان کرنے والے ہیروز ، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ، ، استقامت کا بے مثال مظاہرہ کرنے والی ڈاکٹر عافیہ صدیقی ، خوش حال خان خٹک، فیض احمد فیض،کرنل شیر خان، ایم ایم عالم، حوالدار لالک جان ،عبدالستار ایدھی اور رتھ فائو جیسے حقیقی ہیروز پر فلمیں اور ڈرامے لکھے،بنائے اور دکھائے جائیںتا کہ پا رلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے بہت سے غدار وں، کرپشن کے ٹھیکیداروںاورانگریزوں کے نوازے ہوئے جعلی لیڈر بے نقاب ہو ں اور پاکستانی قوم میں اپنے اسلاف سے محبت کا جذبہ بیدار ہو۔

الطاف شکور نے کہا کہ عمران خان ہمت کریں اور ان ڈراموں کی تیاری کی ہدایا ت جاری کر کے سماجی انقلاب کی راہ ہموار کرکے غداروں کے خاندانوں کو بے نقاب کریں۔ ہمارے حقیقی ہیروز پر ڈرامے بنائیں یقینا عوام کی جانب سے انہیں زبردست پزیرائی ملے گی۔واضح رہے کہ بوسنیا کی جنگ میں الفا، براوو چارلی جیسے ڈراموں کو اتنی پذیرائی ملی تھی کہ اس ڈرامے کے دکھائے جانے کے وقت تمام سڑکیں سنسان ہو جایا کرتی تھیں#