کراچی طیارہ حادثہ کےبعدجن لاشوں کو پہلے نکالاگیا انہوں نے آکسیجن ماسک پہن رکھے تھے

فائربریگیڈنے لاشوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی توان کے سیٹ بیلٹ کھولنا پڑے

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 23 مئی 2020 13:17

کراچی طیارہ حادثہ کےبعدجن لاشوں کو پہلے نکالاگیا انہوں نے آکسیجن ماسک ..
کراچی ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 23 مئی 2020 ء ) کراچی طیارہ حادثے کے بعد جن لاشو ں کو پہلے نکالا گیا انہوں نے آکسیجن ماسک پہن رکھے تھے، جو کہ ہنگامی صورتحال میں آکسیجن فراہم کرتے ہیں، علاوہ ازیں جب فائربریگیڈیڈ نے لاشوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی تو انہوں نے سیٹ بلیٹ باندھ رکھے تھے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایدھی ایمبولینس میں سب سے پہلے لائی جانے والی نعشوں کے چہروں پر آکسیجن ماسک لگے ہوئے تھے۔

یہ بات بھی قابل غور رہے کہ موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جس کے باعث ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا رہا۔ فیصل ایدھی سمیت سیکیورٹی اہلکار عوام کو دور جانے کی تلقین کرتے رہے۔ دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو کراچی میں پیش آنے والے حادثے کے باعث متاثر ہونے والے 25 گھروں کو کلیئر کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کی جانب سے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 97 افراد کی لاشیں جائے وقوعہ پر سے نکال لی گئی ہیں اور طیارہ گرنے کے باعث متاثر ہونے والے 25 گھروں کے رہائشیوں کو مقامی انظامیہ کی مدد سے دوسرے مقامات پر منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء کراچی طیارہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے مسافر زبیر کا بیان سامنے آیا تھا ۔

زبیر کا کہنا ہے کہ پرواز ایک بجے لاہور سے چلی سب کچھ معمول کے مطابق تھا، کراچی میں اعلان کیا گیا کہ ہم ایئرپورٹ پر لینڈ کررہے ہیں، لینڈنگ کے دوران پائلٹ نے دوبارہ جہاز اوپر اڑایا، 15 سے 20منٹ طیارہ پرواز کرتا رہا، 10سے15منٹ بعد پائلٹ نے دوبارہ اعلان کیاکہ میں لینڈنگ کر رہا ہوں، پائلٹ نے دوبارہ لینڈنگ کا اعلان کیا تو 2 سے3 منٹ بعد جہاز کریش کرگیا۔

محمد زبیر کا کہنا ہے کہ آخر تک ہمیں یہی لگتا رہا کہ جہاز معمول کی لینڈنگ کررہا ہے، جہاز کریش کرنے کے بعد میں شاید پہلا شخص تھا جو ملبے سے نکلا۔ محمد زبیر نے بتایا ہے کہ انکی حالت بہتر ہے تاہم انکے ہاتھ اور ٹانگیں جھلسی گئی ہیں۔ دوسری جانب حادثے کے وقت کی نئی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کرنے کے انداز میں جارہا تھا کہ زمین سے ٹکرا گیا۔