وفاقی حکومت ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکنہ کاوشیں یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت سے رابطہ میں ہے،

حکومت طیارہ حادثہ میں ریلیف اور ریسکیو پر مکمل توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز

ہفتہ 23 مئی 2020 14:46

وفاقی حکومت ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکنہ کاوشیں یقینی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکنہ کاوشیں یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت سے رابطہ میں ہے، حکومت طیارہ حادثہ میں ریلیف اور ریسکیو پر مکمل توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عید الفطر سے قبل یہ ایک افسوسناک اور اندوہناک حادثہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان اور ان پوری حکومتی ٹیم کی دعائیں مشکل کی اس گھڑی میں مسافروں، جہاز کے عملہ اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعظم عمران سندھ حکومت اور سول ایو ایشن اتھارٹی کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور اس ضمن میں ضروری احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کے خاندانوں کے اطلاعات کی فراہمی اور رابطہ کے لئے انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کووڈ19 کی وجہ سے متاثر ہونے والے معاشرے کے محروم طبقہ کے لئے سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا حکم دیا ہے جس کا مقصد ملک کے وسائل سے محروم افراد کے لئے سہولت ہے۔انہوں نے کہا یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کہ روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک میں شامل ہے اور وہ طویل عرصہ تک اقتصادی سرگرمیوں کو بند کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔