خصوصی پروازیں، جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

ہفتہ 23 مئی 2020 15:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی ای)کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 پاکستانی سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی ای) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے، ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز دمام سے 2 پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے۔

(جاری ہے)

خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے، خروج نہائی اور میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلا کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔