عوام کورونا وائرس کے معاملے میں غفلت اورلا پرواہی کا مظاہرہ نہ کریں ‘ ترجمان پنجاب حکومت

طیارے کے حادثے پرپوری قوم سوگ میں مبتلا ہے ،امسال عید الفطر سادگی سے منائے جائے گی ‘ مسرت جمشید چیمہ

ہفتہ 23 مئی 2020 15:36

عوام کورونا وائرس کے معاملے میں غفلت اورلا پرواہی کا مظاہرہ نہ کریں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے میں غفلت اورلا پرواہی کا مظاہرہ نہ کریں ،کورونا وائرس ایک حقیقت ہے اور اس کا خطرہ بد ستور بر قرار ہے ،کراچی میں قومی ائیر لائن کو پیش آنے والے حادثے سے پوری قوم سوگ میں مبتلا ہے ،امسال عید الفطر سادگی سے منائی جائے گی ۔

میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام اور تاجروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈائون میں نرمی کر کے کاروبار بحال کیا اور اس کے ساتھ بار بار یہ درخواست کی جارہی ہے کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے ۔ حکومت کورونا کے پھیلائو کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے جو ایک انسان کے بس میں ہے لیکن اس وائرس سے اس وقت تک مکمل چھٹکارا نہیں پایا جا سکتا جب تک عوام اس جنگ میں حکومت کے شانہ بشانہ کردار ادا نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

بازاروں میں خریداروں کا بے ہنگم رش اور ایس او پیز پرعملدرآمد نہ ہونا تشویشناک ہے ۔ عوام کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ کورونا کا خطرہ بدستور موجود ہے اور عوام اس معاملے میں ہرگز غفلت اور لا پرواہی نہ برتیں ۔ ہمارا صحت کا نظام ایک حد سے زیادہ بوجھ نہیں اٹھا سکے گا ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کراچی میں قومی ائیر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پرپوری قوم سکتے میں ہے، حکومت اور عوام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔